مذاکرات کاتیسرادورلازمی ہے،پی ٹی آئی کااسپیکرایازصادق سے رابطہ
سیاسی تناؤ کا حل خون خرابے کے بغیر چاہتے ہیں، علی محمد خان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف نے مذاکرات کے تیسرے دور کے انعقاد کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رابطہ کرلیا۔ پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی تناؤ میں کمی اور معاملات کو بہتری کی جانب لے جانے کے لیے مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کیا جائے۔
علی محمد خان نے کہا کہ مذاکرات کا تیسرا دور ہونا لازمی ہے، کیونکہ بات چیت آگے بڑھے گی تو معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی رہنماؤں کو اسلام آباد میں موجود ہونا چاہیے تاکہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہ سکے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت چاہتی ہے کہ سیاسی کشیدگی کا حل بات چیت کے ذریعے اور خون خرابے کے بغیر نکالا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف نے بارہا حکومت کو مذاکرات کا راستہ فراہم کیا ہے۔
علی محمد خان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اس وقت لاہور میں ہیں، تاہم ان کی اسلام آباد واپسی پر ملاقات بھی ہوگی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کے تیسرے دور پر زور ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب سیاسی تناؤ کم کرنے کے لیے بات چیت کی بحالی پر زور دیا جا رہا ہے۔



