حوثیوں کے حملے!پی آئی اے نے ریاض کیلئے پروازیں معطل کردیں

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر ریاض کے لیے پروازوں کا آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت اسلام آباد سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 753 اور ریاض سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 754 منسوخ کردی گئی ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث ریاض کے لیے پروازیں عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل پی آئی اے کے کال سینٹر 111-786-786 پر رابطہ کرکے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرلیں۔
ترجمان نے پروازوں کی معطلی کے باعث مسافروں کو ہونے والی زحمت پر معذرت بھی کی ہے۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ صرف ریاض کے لیے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے، جبکہ سعودی عرب کے دیگر شہروں کے لیے پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ حکام نے سوشل میڈیا پر سعودی عرب کے لیے تمام پروازیں بند ہونے سے متعلق قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کردیا ہے۔
پی آئی اے کا یہ فیصلہ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کے واقعات کے بعد سامنے آیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق 6 اور 7 اکتوبر کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں میں ایک پاکستانی شہری سمیت تین افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے تھے۔



