33گیندیں،صفر رنز!نک میڈنسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں ناپسندیدہ ریکارڈ بنادیا

ڈربن (جانو ڈاٹ پی کے) آسٹریلوی اوپنر نک میڈنسن جنوبی افریقا کے خلاف ڈربن ٹیسٹ میں ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرگئے، وہ 33 گیندیں کھیلنے کے باوجود کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ جنوبی افریقی فاسٹ بولر مارکو یانسن نے انہیں بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔
کرکٹ رپورٹس کے مطابق دستیاب گیندوں کے ریکارڈ کی بنیاد پر میڈنسن ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ گیندیں کھیل کر صفر پر آؤٹ ہونے والے آسٹریلوی اوپنر بن گئے۔ ان کی یہ اننگز 21ویں صدی میں کسی ٹیسٹ اوپنر کی جانب سے کھیلی گئی طویل ترین صفر کی اننگز بھی قرار دی گئی ہے۔
34 سالہ نک میڈنسن تقریباً 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آئے تھے۔ انہوں نے آخری مرتبہ دسمبر 2016 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلا تھا، جبکہ اسی سال جنوبی افریقا کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
میڈنسن کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی اس لیے بھی اہم تھی کہ وہ 2025 میں کینسر میں مبتلا ہوئے تھے اور انہیں کیموتھراپی کے مرحلے سے گزرنا پڑا۔ صحت یابی کے بعد انہوں نے دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے محنت کی اور جنوبی افریقا کے دورے کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ میں شامل ہوئے۔



