بدین میں رائس ملز مالکان اور آبادگاروں کا اجلاس، دھان کی خریداری پراہم فیصلے

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے) ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد کی زیرِ صدارت دربار ہال میں رائس ملز مالکان اور آبادگاروں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دونوں فریقین کی باہمی رضامندی سے دھان کی خریداری اور دیگر معاملات کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دھان میں موائسچر (نمی) کی حد 21 فیصد مقرر ہوگی، جبکہ 40 کلوگرام فی من دھان پر کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔ اس کے علاوہ رائس مل میں اتارے جانے والے دھان کی مزدوری آبادگار 16 روپے فی من سے زائد ہرگز ادا نہیں کرے گا اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ رائس ملز یا کارخانوں کے کانٹوں کی جانچ کے لیے ڈپٹی کمشنر بدین یا متعلقہ تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اچانک دورے کریں گے۔ کانٹے میں کسی قسم کا فرق یا بے ضابطگی سامنے آنے کی صورت میں متعلقہ مل یا کارخانے کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے دھان میں موائسچر چیک کرنے کے لیے صرف وہی مشینیں استعمال کی جائیں گی جو بین الاقوامی معیار کے مطابق آئی ایس او سرٹیفائیڈ ہوں گی۔ رائس مل مالکان آبادگاروں کو دھان کی رقم ان کی مرضی کے مطابق نقد یا چیک کے ذریعے ادا کریں گے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر کسی آبادگار کو کسی قسم کی شکایت ہو تو وہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یا ڈپٹی کمشنر آفس بدین میں اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے، جس کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے گا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد نے کہا کہ ملکی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ کسی آبادگار یا رائس مل مالک کو نقصان پہنچے۔ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ آبادگاروں اور رائس مل مالکان کے درمیان معاملات باہمی اتفاقِ رائے سے حل ہوں اور کسی بھی فریق کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اجلاس میں ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر رمیش میگھواڑ، ڈی آئی بی انچارج انسپکٹر محمد خان سومرو، رائس ملز کے رہنما عبدالشکور میمن اور دیگر رائس مل مالکان نے شرکت کی اس موقع پر سندھ چیمبر آف ایگریکلچر سندھ کے ضلعی صدر شاہنواز خان جمالی، سندھ چیمبر آف ایگریکلچر ضلع بدین کے نائب صدر دادا ہاشم جمالی، جنرل سیکریٹری ضلع بدین وفا لطیف جوکھیو، صدر سندھ آبادگار بورڈ ضلع بدین سرمد بشیر نظامانی، سینئر نائب صدر آبادگار بورڈ سید سلمان شاہ، سندھ آبادگار اتحاد کے انجینئر محمد شریف نظامانی، محمد حنیف خاصخیلی سمیت بڑی تعداد میں آبادگاروں نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button