ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کا گندم خریداری مراکز کا دورہ: شفاف نظام اور کسان دوست پالیسیوں پر زور

اوکاڑہ( رپورٹ وحیدآرائیں /جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا گندم خریداری مرکز بینظیر روڈ کا دورہ، انہوں نے باردانہ کی تقسیم کے لیے رجسٹریشن کےعمل کی چیکنگ کی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محسن گجر نے بریفنگ دی، کسانوں و کاشتکاروں کے بنک اکاؤنٹس کھولنے کے لیے ایم سی بی اور یو بی ایل بینکوں کے نمائندے موقع پر موجود تھے، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے مرکز پر موجود کسانوں سے بھی سہولیات بارے استفسار کیا، اس موقع پر کسانوں نے گندم خریداری کے سلسلہ میں حکومتی اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔ گندم خریداری کے لیے کسانوں کاشتکاروں کی رجسٹریشن کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔رجسٹریشن کے فوری بعد باردانہ کی تقسیم کا عمل شروع کیا جائے گا۔رواں سال پرائیویٹ ایگریگیٹرز کے ذریعے گندم خریداری کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گندم خریداری کا ریٹ 3500 روپے فی من مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں 9 گندم خریداری مراکز بنائے گئے ہیں۔ کسانوں کو فی ایکڑ 100 کلو کے 10 بیگز فراہم کیے جائیں گے اور ٹوٹل 12 ایکڑ تک کسانوں کو باردانہ دیا جائے گا۔ گندم خریداری کے عمل کو شفاف اور سہل بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خریداری مراکز پر کسانوں کے لیے بہترین سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ باردانہ کی تقسیم میں چھوٹے کسانوں کو ترجیح دی جائے گی۔



