شناختی کارڈ بلاکنگ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،کارروائی قومی سلامتی کیلئے ہوئی،طلال چوہدری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سینیٹ اجلاس میں بلوچستان میں شناختی کارڈز کی بلاکنگ سے متعلق سینیٹر جان محمد نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جس پر وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واضح کیا کہ صوبے میں بلاک کیے گئے شناختی کارڈز کا تعلق علاقائی سیاست سے نہیں بلکہ غیر ملکیوں اور افغان شہریوں کے خلاف کارروائی ہے، نادرا نے رشوت لے کر جعلی فیملی ٹری بنانے والے سو ملازمین کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کر دی ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے طلال چوہدری نے بتایا کہ زخشان اور مکران ڈویژن کی 29 لاکھ آبادی میں سے صرف 8ہزار 829 شناختی کارڈ بلاک ہوئے ہیں۔ پورے بلوچستان میں ایک لاکھ 38 ہزار 166 بلاک کارڈز ان افغان شہریوں کے ہیں جنہیں کچھ لوگوں نے رشوت لے کر اپنے فیملی ٹری میں شامل کرایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک سے سنگین شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ عمان اور سعودی عرب جیسے ممالک نے پاکستانیوں کے ویزوں پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔ جرائم پیشہ عناصر کی وجہ سے بیرونِ ملک مقیم ایک کروڑ جائز پاکستانیوں کا مستقبل داؤ پر لگ رہا تھا۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ ہم نے بیرونِ ملک ہنر مند ٹیلنٹ بھیجنا ہے نہ کہ مجرمان، حکومتی اقدامات سے غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک جانے والوں میں 64 فیصد کمی آئی ہے۔ پاسپورٹ فیسوں میں اضافے اور سفر پر پابندیوں کا جواب دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ فیس کئی سال بعد بڑھائی گئی جو خطے کے دیگر ممالک سے اب بھی کم ہے اور اس سے ادارہ چلایا جاتا ہے۔



