نئے صوبوں پر بڑا مطالبہ سامنے آگیا، طاہر اشرفی نے صدر زرداری کو اہم مشورہ دے دیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے نئے صوبوں کے معاملے پر اہم مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف نئے صوبے بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اختیارات کی حقیقی تقسیم ضروری ہے۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک میں آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے اور مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے نئے صوبوں کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر متفقہ فیصلہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایوانِ صدر میں آل پارٹیز کانفرنس بلا کر نئے صوبوں اور اختیارات کی تقسیم کے معاملے پر مشاورت کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ کیے گئے تو نئے صوبے بنانے کا بھی کوئی خاص فائدہ نہیں ہوگا۔

علامہ طاہر اشرفی نے صدر آصف علی زرداری کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی جماعتوں کو ایوانِ صدر میں اکٹھا کریں اور مشاورت کے ذریعے اس اہم معاملے کا حل نکالیں۔ انہوں نے صدر زرداری کو مفاہمت کا بادشاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو ایک میز پر بیٹھ کر متفقہ فیصلہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان متحد ہے اور متحد رہے گا، سیاسی اختلاف یا مختلف رائے رکھنا کوئی بری بات نہیں، تاہم قومی معاملات پر تمام جماعتوں کو اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا۔

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت ماضی میں بھی اس معاملے پر بات کرتی رہی ہے، تاہم اصل ضرورت اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ استحکامِ پاکستان کے لیے متحد ہو جائیں اور ملک کو درپیش مسائل کا حل باہمی مشاورت سے تلاش کریں۔

یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے طاہر اشرفی نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کی بدولت آج ہم پُرامن انداز میں زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button