سلمان خان نے کترینہ کیف کا نام لیے بغیر باڈی شیمنگ کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے ساتھی اداکارہ کترینہ کیف کا نام لیے بغیر ان کا دفاع کرتے ہوئے ماں بننے کے بعد اداکارہ کے وزن میں اضافے پر سوشل میڈیا میں نامناسب تبصرے کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔

سلمان خان نے اپنے رئیلیٹی شو ’بگ باس 20‘ کی حالیہ قسط میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ سوشل میڈیا سے آمدنی حاصل کرنے کیلئے مشہور شخصیات کی ذاتی زندگی، ظاہری شکل اور دیگر معاملات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ کسی کو نیچا دکھا کر پیسہ کمانا دراصل ایسے لوگوں کی تربیت اور سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ مشہور شخصیات کو جسمانی ساخت، وزن، شکل و صورت، خاندان، پیشہ ورانہ ناکامیوں اور ماں بننے جیسے ذاتی معاملات پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ ماں بننے کے بعد وزن میں اضافہ ایک فطری عمل ہے اور اداکارہ جب فلموں میں واپسی کریں گی تو دوبارہ خود کو فٹ کرلیں گی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ خود اپنی ظاہری شکل و صورت کے حوالے سے عدم اطمینان کا شکار رہتے ہیں، وہ دوسروں کے وزن اور حلیے پر تنقید کرنے کو اپنا حق کیسے سمجھتے ہیں؟

سلمان خان نے گفتگو کے دوران خود پر ہونے والی سوشل میڈیا ٹرولنگ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انہیں بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی عمر 60 برس ہوچکی ہے، اس لیے وہ ہمیشہ ’میں نے پیار کیا‘ کے ہیرو کی طرح نظر نہیں آسکتے۔

مزید خبریں

Back to top button