وفاقی پنشنرز کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کا نیا نظام نافذ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی پنشنرز کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کا نیا ڈیجیٹل نظام نافذ کردیا گیا ہے، تاہم پنشن کی ادائیگی براہِ راست بینک اکاؤنٹس میں جاری رہے گی۔

وزارت خزانہ نے پنشن کی ڈیجیٹل تصدیق اور ادائیگی کے نئے ایس او پیز جاری کردیئے ہیں، جن کے تحت پنشنرز کی زندگی کی تصدیق اب نادرا کے ذریعے ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی جبکہ کمرشل بینکوں کا بائیومیٹرک تصدیق میں کردار ختم کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق نادرا پنشنرز کا ڈیجیٹل لائف سگنل براہِ راست کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (سی جی اے) اور ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کو فراہم کرے گا۔ پنشنرز کی تصدیق کیلئے بینکوں پر انحصار ختم کردیا گیا ہے اور کمرشل بینک صرف پنشن کی ادائیگی کے ایجنٹ کے طور پر کام کریں گے۔

نئے نظام کے تحت عام حالات میں بینک پنشنرز کا بائیومیٹرک ڈیٹا وصول یا محفوظ نہیں کرسکیں گے، جبکہ پنشن کی پرانی کاغذی ترسیل کا دستاویزی نظام بھی ختم کردیا گیا ہے۔ پنشنرز اب ڈیجیٹل طریقے سے ’پروف آف لائف‘ مکمل کریں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پنشنرز نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے اپنی زندگی کی تصدیق کراسکیں گے۔ اس کے علاوہ نادرا رجسٹریشن سینٹرز اور موبائل یونٹس کے ذریعے بھی تصدیق کی سہولت دستیاب ہوگی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بینک برانچز اور موبائل ایپس بھی نادرا کے مجاز مراکز کے طور پر تصدیق کی سہولت فراہم کرسکیں گے۔

مسلسل 6 ماہ تک ڈیجیٹل لائف سگنل موصول نہ ہونے کی صورت میں پنشن عارضی طور پر روک دی جائے گی، تاہم صرف بائیومیٹرک تصدیق نہ ہونے کی بنیاد پر پنشن اکاؤنٹ کو ڈورمنٹ قرار نہیں دیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق اگر کسی پنشنر کیلئے ڈیجیٹل تصدیق ممکن نہ ہو تو متبادل طریقہ کار بھی موجود ہوگا۔ ایسے پنشنرز ضلعی اکاؤنٹس دفاتر اور پنشن سہولت مراکز سے رجوع کرکے اپنی تصدیق مکمل کراسکیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button