آئی پی ایل 2027 کی نیلامی سے پہلے ممبئی انڈینز کا بڑا فیصلہ، مہیلا جے وردھنے سے علیحدگی

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کی نیلامی سے قبل ممبئی انڈینز نے ہیڈ کوچ مہیلا جے وردھنے سے راہیں جدا کرلی ہیں، جس کے بعد فرنچائز کے کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے گزشتہ دو سیزنز سے ممبئی انڈینز کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ یہ فرنچائز کے ساتھ ان کی دوسری مدت تھی، اس سے قبل وہ 2017 سے 2022 تک بھی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔
ممبئی انڈینز کی جانب سے جاری بیان میں جے وردھنے نے فرنچائز کے ساتھ اپنے طویل تعلق کو یادگار قرار دیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، مداحوں اور ٹیم انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران کئی ناقابلِ فراموش لمحات گزرے اور مشترکہ کامیابیوں پر انہیں فخر ہے۔
سابق سری لنکن کپتان نے نیتا امبانی اور آکاش امبانی کا اعتماد، تعاون اور دوستی پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق کوچنگ اسٹاف میں تبدیلی کا معاملہ اگست میں 2026 کے سیزن کا جائزہ لینے کے دوران زیرِ غور آیا تھا۔ اس موقع پر ٹیم کی قیادت کرنے والے کھلاڑیوں اور فرنچائز انتظامیہ نے کوچنگ کے شعبے میں تبدیلی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ رپورٹ کے مطابق جے وردھنے بھی نوجوان کوچز کو شامل کرنے کے حق میں تھے تاکہ ٹیم کو نئے خیالات اور تازہ حکمت عملی سے فائدہ پہنچ سکے۔



