بدین پولیس کا کریک ڈاؤن، مختلف کارروائیوں میں 8 ملزمان گرفتار

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) ماتلی پولیس نے سوزوکی پک اَپ سے مین پوریوں کی 6 ہزار پوریاں برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ضلع بدین کے مختلف علاقوں میں منشیات اور مضر صحت اشیاء کے خلاف کارروائیوں کے دوران تقریباً 4 کلو گرام چرس، سفینا کے 7 ہزار 200 ساشے اور 282 لیٹر دیسی شراب برآمد کرکے مجموعی طور پر 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس بدین کے ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو اور ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی ہدایات پر منشیات فروشوں اور مضر صحت اشیاء کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ماتلی میں ایس ایچ او انسپکٹر محمود احمد خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سوزوکی پک اَپ کی تلاشی کے دوران 6 ہزار مین پوریاں برآمد کرکے منٹھار کھوسو اور عامر کھوسو کو گرفتار کیا۔ سی آئی اے پولیس نے تھانہ کڈھن کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے معشوق علی ملاح کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کی، جبکہ تھانہ کھوسکی کی حدود میں محمود ملاح کو گرفتار کرکے 1990 گرام چرس برآمد کی گئی۔ دونوں کارروائیوں میں چرس کی مجموعی برآمدگی 3990 گرام، یعنی تقریباً 4 کلو گرام رہی۔ اسی طرح تھانہ کھوسکی کی حدود میں سفینا سپلائر محمد ابراہیم نہڑیو کو گرفتار کرکے 5500 ساشے برآمد کیے گئے، جبکہ تھانہ بدین کی حدود میں محمد حنیف نہڑیو اور فیض علی پٹھان کو گرفتار کرکے مزید 1700 سفینا ساشے برآمد کیے گئے۔ دوسری جانب تھانہ ٹنڈو غلام علی کی پولیس نے دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپہ مار کر 272 لیٹر شراب برآمد کی، تاہم ملزم غلام شبیر نوحانی موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ تھانہ ڈیئی کی پولیس نے شہباز لاشاری کو 10 لیٹر دیسی شراب سمیت گرفتار کرلیا۔ اس طرح ضلع بھر میں کارروائیوں کے دوران دیسی شراب کی مجموعی برآمدگی 282 لیٹر رہی۔ #



