ماتلی میں انتظامیہ کا کریک ڈاؤن، دودھ کی دکان پر 20 ہزار جرمانہ، پٹرول ایجنسی سیل، تجاوزات بھی ختم!

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی)ماتلی میں سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی، پٹرول ایجنسی کے مقررہ ضابطوں سے انحراف اور تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کی تین مختلف کارروائیوں کے دوران زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے والی ناگوری ملک شاپ پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، ٹنڈو غلام علی روڈ پر قائم پٹرول ایجنسی سیل کردی گئی، جبکہ اسٹیشن روڈ پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی عارضی تجاوزات ختم کروادی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر بدین کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ڈاکٹر راشد چنہ اور مختارکار ماتلی منصب جونیجو کی نگرانی میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران دودھ کی دکانوں پر 200 روپے فی لیٹر کے سرکاری نرخ نامے آویزاں کروائے گئے۔ مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے پر ناگوری ملک شاپ کو سیل کیا گیا، تاہم 20 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد دکان کھولنے کی اجازت دے دی گئی اور آئندہ سرکاری نرخ پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔ دوسری جانب ٹنڈو غلام علی روڈ پر قائم پٹرول ایجنسی کو اوگرا (OGRA) کے مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کردیا گیا۔ ادھر ریونیو ٹیم نے میونسپل کمیٹی ماتلی کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے ہمراہ اسٹیشن روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے سڑک کے درمیان کھڑی ریڑھیاں ہٹوا دیں اور ریڑھی بانوں کو مقررہ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی، جبکہ دکانداروں کو ریڑھی بانوں سے کرایہ وصول کرنے کے معاملے پر بھی تنبیہ کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button