گولی نشانے پر، پاکستان کے غلام مصطفیٰ بشیر نے ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کے شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر نے ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل مقابلے میں برانز میڈل جیت لیا۔

جاپان کے شہر ناگویا میں قائم ایچی پریفیکچر جنرل شوٹنگ گیلری میں ہونے والے مقابلے میں غلام مصطفیٰ بشیر نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کے لیے میڈل حاصل کیا۔

غلام مصطفیٰ بشیر نے کوالیفکیشن راؤنڈ میں 578 پوائنٹس اور 19 ایکس اسکور کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی، جس کے بعد وہ ٹاپ 8 شوٹرز میں شامل ہوکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئے۔

کوالیفکیشن راؤنڈ میں چین کے سو لیان بوفان نے 592 پوائنٹس اور 24 ایکس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرکے ایشین گیمز کا نیا کوالیفکیشن ریکارڈ قائم کیا، جبکہ جنوبی کوریا کے لی گن ہیوک 588 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ان کے ہم وطن یون سیو یونگ 581 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔بھارت کے انیش 576 پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر رہے اور فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرسکے۔غلام مصطفیٰ بشیر کا برانز میڈل ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے رواں مقابلوں کا چھٹا برانز میڈل قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button