میر رضا قتل کیس میں بڑا فیصلہ، سندھ کابینہ نے جوڈیشل کمیشن کی مدت بڑھا دی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)میر رضا علی قتل کیس کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی مدت میں توسیع کردی گئی، سندھ کابینہ نے کمیشن کو مزید وقت دینے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کی مدت 15 اکتوبر 2026 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیشن کی سربراہی سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عمر سیال کر رہے ہیں۔

کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمیشن اب تک وسیع پیمانے پر کارروائی کرچکا ہے اور درجنوں گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔ مزید وقت تحقیقات مکمل کرنے اور نتائج و سفارشات مرتب کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے 24 اگست کو جاری نوٹیفکیشن کے تحت کمیشن تشکیل دیا گیا تھا، جبکہ اس نے 27 اگست سے کارروائی شروع کی تھی۔ کمیشن کو میر رضا علی کی موت کے حالات، تحقیقات میں ممکنہ غفلت اور دیگر متعلقہ معاملات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔کمیشن کی ابتدائی مدت 30 روز مقرر کی گئی تھی، جو ستمبر کے آخر میں مکمل ہوگئی تھی۔ توسیع نہ ہونے کی صورت میں کمیشن نے اب تک ریکارڈ کیے گئے بیانات کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرنا تھی، تاہم کابینہ کی منظوری کے بعد مزید گواہان اور متعلقہ معاملات کی جانچ کا راستہ کھل گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button