سٹاک مارکیٹ کریش،100انڈیکس1332پوائنٹس نیچے آگیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز شدید اتار چڑھاؤ کے بعد مندی چھا گئی، ہنڈرڈ انڈیکس میں 1332 پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث انڈیکس ایک لاکھ 68 ہزار 636 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔کاروبار کے آغاز میں مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی اور ہنڈرڈ انڈیکس 699 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 70 ہزار 600 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا، تاہم چند گھنٹوں بعد صورتحال تبدیل ہوگئی اور مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ بڑھ گیا۔ٹریڈنگ کے دوران مندی کا رجحان برقرار رہا اور کاروباری روز کے اختتام تک انڈیکس مسلسل دباؤ میں رہا۔ نتیجتاً ہنڈرڈ انڈیکس گزشتہ کاروباری روز کے ایک لاکھ 69 ہزار 969 پوائنٹس کے مقابلے میں 1332 پوائنٹس کمی کے ساتھ 168,636 پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں اچانک آنے والی مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کاروباری حلقوں میں مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ پر تشویش بھی سامنے آئی۔



