نابلس میں حضرت یوسفؑ کے مزار پر اسرائیلیوں کا دھاوا

نابلس (جانو ڈاٹ پی کے)مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں سینکڑوں اسرائیلی آبادکار حضرت یوسفؑ کے مزار پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مذہبی رسومات ادا کیں۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق آبادکاروں کو اسرائیلی فوج کی بھاری سکیورٹی فراہم کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے نابلس کے مشرقی علاقے میں بڑی تعداد میں فوجی گاڑیاں تعینات کرکے راستے بند کیے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ متعدد فلسطینی خاندانوں کو اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور کیا گیا، جبکہ بعض مکانات کو عارضی فوجی چوکیوں میں تبدیل کیے جانے اور عمارتوں کی چھتوں پر اسرائیلی سنائپرز تعینات کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق 36 سے زائد بسیں آبادکاروں کو لے کر مزار کی جانب پہنچیں، جبکہ اسرائیلی فوج نے علاقے میں 30 سے زائد فوجی گاڑیاں تعینات کیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب گزشتہ روز بھی سیکڑوں اسرائیلی آبادکار مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہوئے تھے۔

دوسری جانب غزہ میں سول ڈیفنس ٹیموں نے تباہ شدہ رہائشی عمارتوں کے ملبے سے 105 فلسطینیوں کی لاشیں اور باقیات نکال لی ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق یہ افراد اکتوبر 2023 میں غزہ سٹی کے علاقے یرموک میں ہونے والے حملوں کے دوران جاں بحق ہوئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق لاشوں اور باقیات کی تلاش کا عمل کئی دن جاری رہا اور یہ کارروائی مصری کمیٹی کے تعاون سے مکمل کی گئی۔ برآمد ہونے والی باقیات کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں فلسطینی شہریوں نے شرکت کی، بعد ازاں انہیں شیخ رضوان قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button