مٹھی کے قریب ہو تھیئر گاؤں کے گورنمنٹ برانچ ہائی اسکول میں سائنس لیب کا افتتاح

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی)مٹھی کے قریب گاؤں ہو تھیئر کے گورنمنٹ برانچ ہائی اسکول میں اوورسیز سندھی ایسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کردہ سائنس لیبارٹری کا افتتاح ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شمس الدین راٹھوڑ، ایجوکیشن آفیسر جواہر لال امیدانی اور ڈی ڈی او ارجن سوٹھڑ نے کیا۔ اس موقع پر ڈی ای او شمس الدین راٹھوڑ نے مختلف کلاسز کا دورہ کیا اور طلبہ و طالبات سے سوالات کیے۔ انہوں نے طلبہ کی صلاحیتوں اور اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں بچیوں کی تعلیم کا تناسب بہت کم ہے، اس لیے مقامی لوگوں میں بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے آگاہی پیدا کرکے انہیں اپنی بیٹیوں کو تعلیم دلانے پر آمادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس لیبارٹری طلبہ کی عملی تعلیم اور سیکھنے کے لیے بہترین موقع ہے۔ انہوں نے اسکول میں کمپیوٹر لیب کے قیام کے لیے متعلقہ حکام کو خط لکھنے کا بھی اعلان کیا۔ ایجوکیشن آفیسر جواہر لال امیدانی نے کہا کہ سائنس لیبارٹری طلبہ میں سائنسی سوچ، تحقیق، مشاہدے اور عملی تعلیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ کتابوں میں پڑھے گئے سائنسی تصورات کو عملی تجربات کے ذریعے سمجھنے سے طلبہ کی تعلیم مزید مؤثر اور دلچسپ بنتی ہے، جبکہ ایسی سہولیات طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں اور علم حاصل کرنے کا شوق بڑھاتی ہیں۔اس موقع پر گاؤں کے رہائشی انجینئر صورت سنگھ نے اوورسیز سندھی ایسوسی ایشن اور تعلیمی افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی جانب سے اسکول کے لیے ایک کمپیوٹر عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ گاؤں کے رہائشیوں نے کہا کہ گورنمنٹ برانچ ہائی اسکول ہو تھیئر کی انتظامیہ اور اہلِ علاقہ اوورسیز سندھی ایسوسی ایشن کے دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں، جس نے اسکول کو سائنس لیبارٹری جیسی اہم تعلیمی سہولت فراہم کی۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شمس راٹھوڑ، ارجن سوٹھڑ اور جواہر لال امیدانی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے لیبارٹری اسکول تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ اہلِ علاقہ نے امید ظاہر کی کہ سائنس لیبارٹری طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔



