کوہستان میگا اسکینڈل میں نیب کی ایک اور بڑی ریکوری،51کروڑ80لاکھ کے اثاثے سرنڈر

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا نے کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں مزید بڑی ریکوری کرلی، پشاور کی احتساب عدالت نمبر 3 نے ملزم مشرّف شاہ کی جانب سے اثاثے سرنڈر کرنے سے متعلق درخواست منظور کرلی، جس کے بعد 51 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے سرنڈر کردیے گئے۔

نیب خیبرپختونخوا کے مطابق سرنڈر کیے گئے اثاثوں میں 40 کروڑ 70 لاکھ روپے نقد رقم جبکہ دو جائیدادیں شامل ہیں، جن کی مجموعی مالیت 11 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔نیب حکام کا کہنا ہے کہ نقد رقم اور غیر منقولہ اثاثوں کی مجموعی مالیت 51 کروڑ 80 لاکھ روپے سے تجاوز کرتی ہے اور یہ کوہستان میگا اسکینڈل میں ریکوری کی ایک اور اہم پیش رفت ہے۔نیب کے مطابق کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں اس سے قبل بھی اربوں روپے مالیت کے اثاثے اور رقوم ریکور کی جاچکی ہیں، جنہیں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کیا گیا۔کوہستان اسکینڈل میں سرکاری فنڈز میں مبینہ خوردبرد اور غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے اثاثوں سے متعلق نیب کی تحقیقات اور ریکوری کا عمل جاری ہے۔ حالیہ مہینوں میں بھی اس کیس سے متعلق مختلف عدالتی کارروائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔

نیب حکام کے مطابق مالی بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ مبینہ طور پر غیر قانونی ذرائع سے حاصل کیے گئے اثاثوں کی نشاندہی اور ان کی قانونی طریقہ کار کے تحت ریکوری بھی جاری رکھی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button