قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ، این ڈی ایم اے میں عالمی ٹیک سہولت کے قیام کا جائزہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی ملکی صلاحیت مزید بہتر بنانے اور این سی او سی اور این ڈی ایم اے میں مشترکہ پاک گلوبل ٹیک سہولت کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے قدرتی آفات کی نگرانی، پیشگی وارننگ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری میں این ای او سی کے کردار پر بریفنگ دی۔اجلاس میں این ڈی ایم اے کے نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی منصوبے اور گلوبل ریزیلینس ہب کے قیام سے متعلق منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اسحاق ڈار نے قدرتی آفات کے ممکنہ نقصانات سے نمٹنے کے لیے ملکی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ آفات کی پیشگی نشاندہی، وارننگ اور بروقت ردعمل کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔نائب وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آفات کے بعد ردعمل دینے کے بجائے پیشگی وارننگ، بروقت تیاری اور مؤثر منصوبہ بندی پر زیادہ توجہ دی جائے، جبکہ پہلے سے طے شدہ منصوبوں پر مربوط اور مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Image

مزید خبریں

Back to top button