کم آمدن والے ملازمین کیلئے خوشخبری،حج2027لیبرکوٹہ کی درخواستیں شروع

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کے لیبر کوٹہ کے لیے درخواستوں کی وصولی شروع کردی اور متعلقہ اداروں و رجسٹرڈ کمپنیوں کے لیے آن لائن حج پورٹل فعال کردیا گیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر بھی حج 2027 کے آن لائن رجسٹریشن سسٹم کی دستیابی کی تصدیق موجود ہے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق ادارے اپنے اخراجات پر کم آمدن والے ملازمین کو حج کرانے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کوٹے کے لیے کم آمدن والے ملازمین، صنعتی کارکنان، کان کن اور دیگر اہل مزدور درخواست کے دائرے میں آتے ہیں۔
وزارت کے مطابق درخواست دینے والے اداروں اور کمپنیوں کو صرف حج پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرانا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے کمپنی یا ادارہ پورٹل پر اکاؤنٹ بنا کر حج کے لیے نامزد کیے جانے والے ملازمین کی مطلوبہ تفصیلات درج کرے گا۔
ترجمان کے مطابق حج کے واجبات بھی متعلقہ کمپنی یا ادارے کے اکاؤنٹ سے جمع کرائے جاسکیں گے، جبکہ درخواستوں کی وصولی 10 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گی۔وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ لیبر کوٹہ کے لیے درخواستیں پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی، اس لیے متعلقہ اداروں اور کمپنیوں کو مقررہ مدت کے اندر آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزارت کی جانب سے حج 2027 کے لیے پاک حج ایپ بھی دستیاب ہے، جبکہ سرکاری ویب سائٹ پر حج 2027 سے متعلق تازہ اعلانات اور معلومات جاری کی جا رہی ہیں۔



