شوٹنگ کے دوران امیتابھ بچن گر کر زخمی، گھٹنے کی چوٹ نے مداحوں کو پریشان کردیا

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی حالیہ قسط میں انکشاف کیا ہے کہ شوٹنگ کے دوران پاؤں پھسلنے سے وہ گر گئے، جس کے باعث ان کے بائیں گھٹنے پر چوٹ آئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 83 سالہ اداکار نے پروگرام کے آغاز میں بتایا کہ گزشتہ روز شوٹنگ کے دوران وہ اچانک پھسل کر گر پڑے تھے، جس کے بعد گھٹنے میں تکلیف محسوس ہوئی۔ انہوں نے دوران گفتگو اپنے بائیں گھٹنے کی جانب بھی اشارہ کیا۔امیتابھ بچن عام طور پر ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کا ابتدائی مونولاگ اسٹیج کے وسط میں کھڑے ہو کر کرتے ہیں، تاہم چوٹ کے باعث اس مرتبہ انہوں نے بیٹھ کر پروگرام کا آغاز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کھڑے ہونے میں کچھ دشواری محسوس ہو رہی ہے۔اداکار نے ناظرین کو فوری طور پر واضح کیا کہ چوٹ سنگین نوعیت کی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پروگرام کے دوران امیدواروں کے ساتھ گفتگو اور میزبانی کے لیے کھڑے ہوں گے، تاہم ابتدائی مونولاگ بیٹھ کر کرنا ان کے لیے زیادہ آسان ہے۔امیتابھ بچن کے انکشاف پر اسٹوڈیو میں موجود ناظرین نے بھی تشویش کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button