گگرفاٹک کے قریب محنت کش نوجوان مبینہ طور پر اغوا،اہلخانہ پریشان

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) تحصیل کلوئی کے ایک نوجوان محنت کش کو گگر فاٹک کے قریب مبینہ طور پر کار سوار نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا، جس کے بعد اہلخانہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

مغوی نوجوان کی شناخت امیر بخش لنڈ ولد عبدالکریم لنڈ کے نام سے ہوئی ہے، جو تحصیل کلوئی کے گاؤں جار پتن کا رہائشی ہے۔

اہلخانہ کے مطابق امیر بخش مزدوری کے لیے گھر سے نکلا تھا اور اسے مبینہ طور پر پاک لینڈ فیکٹری کے قریب سے اغوا کیا گیا۔ مغوی کے ماموں اعظم لنڈ کے مطابق امیر بخش زمیندار ممتاز جوکیو کے پاس کسان کے طور پر کام کرتا تھا اور اسے مبینہ طور پر صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے اغوا کیا گیا۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ امیر بخش اپنی بیمار والدہ کے علاج کے لیے مزدوری سے حاصل ہونے والی رقم اور ادھار لی گئی رقم لے کر جا رہا تھا کہ راستے میں اسے مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔

واقعے کے بعد مغوی کے گھر میں شدید غم و تشویش کی کیفیت پیدا ہوگئی، جبکہ اہلخانہ کے بعض افراد کو غشی کے دورے پڑنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

مغوی نوجوان کے اہلخانہ نے سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر امیر بخش لنڈ کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button