آزاد کشمیر میں احتجاج ختم ہونے کے قریب، صدر نجیب نقی نے بڑی خبر سنا دی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کا معاملہ حل ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے، احتجاج کرنے والوں اور کشمیر ایکشن کمیٹی کے ساتھ بات چیت جاری ہے جبکہ زیادہ تر مطالبات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی کا کہنا تھا کہ ریاست کے سب سے بڑے آئینی عہدے پر ان کی موجودگی کا مقصد بحران کا خاتمہ اور معاملات کو حل کرنا ہے۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کی تعمیر و ترقی ان کی اولین ترجیح ہے اور ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے باقی معاملات بھی طے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق چند مطالبات ایسے ہیں جن پر ابھی اتفاق رائے ہونا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی نئی حکومت کو کام کرنے کے لیے وقت دینا چاہیے، تاہم اگر معاملات حل نہ ہوں تو احتجاج کا آپشن ہر وقت موجود رہتا ہے۔ڈاکٹر نجیب نقی نے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی آمد سے خطے میں انٹرنیٹ فراہمی کا مسئلہ حل ہونے میں مدد ملے گی۔



