ٹنڈوباگو:9ماہ سے گرلز پرائمری اسکول بند،90طالبات تعلیم سے محروم،ریٹائرڈ ٹیچر کی جگہ نئی تعیناتی نہ ہوسکی

ٹنڈوباگو (رپورٹ:محمد سلیم میمن:جانو ڈاٹ پی کے) تعلقہ ٹنڈوباگو کے علاقے ڈاڈھ کے گاؤں عبداللہ جروار میں قائم گرلز پرائمری اسکول گزشتہ 9 ماہ سے لیڈی ٹیچر کی عدم تعیناتی کے باعث بند پڑا ہے، جس کے نتیجے میں اسکول میں زیر تعلیم تقریباً 90 طالبات تعلیم کے بنیادی حق سے محروم ہوگئی ہیں۔ اس صورتحال کے خلاف گاؤں کے معززین نصر اللہ جروار، عزیز جروار اور اسکول کی طالبات نے اسکول کی عمارت کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ تقریباً 9 ماہ قبل اسکول میں تعینات لیڈی ٹیچر ریٹائر ہوگئی تھیں، تاہم ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد محکمہ تعلیم کی جانب سے تاحال کسی نئی لیڈی ٹیچر کو تعینات نہیں کیا گیا، جس کے باعث اسکول بند ہے اور 90 طالبات کی تعلیم کا سلسلہ مکمل طور پر متاثر ہورہا ہے۔ گاؤں کے معززین اور طالبات نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ عبداللہ جروار گرلز پرائمری اسکول میں فوری طور پر لیڈی ٹیچر مقرر کرکے اسکول کھولا جائے تاکہ طالبات کا تعلیمی سال مزید ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر ٹیچر تعینات نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button