پوتن کی ایران کو امریکا سے کشیدگی کم کرنے کیلئے معاونت کی پیشکش

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے صدر ولادیمر پوتن نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے تہران کو سفارتی معاونت کی پیشکش کر دی۔
روسی صدر ولادیمر پوتن سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ صورتحال سمیت باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ جامع اسٹریٹیجک شراکت داری کے معاہدے کے تحت روس کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
مسعود پزشکیان نے دشمن کی جارحیت کے خلاف ایرانی قوم کی ثابت قدمی کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
ثالث ممالک کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے صدر ولادیمر پوتن نے کہا کہ روس معاملے کا سفارتی حل چاہتا ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے اور ضروری معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو ہر زاویے سے مکمل جنگ کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق ایران اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مذاکرات کی کوششوں کے ساتھ مزاحمت بھی جاری رکھے گا اور بالآخر مخالف فریق کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔



