قندھار اور ہلمند میں طالبان مخالف کارروائیاں، کمانڈر سمیت 2 افراد ہلاک

کابل(ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان مخالف مسلح گروپ کی جانب سے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دعوے سامنے آئے ہیں، جن میں طالبان کمانڈر اور انٹیلی جنس اہلکار سمیت 2 افراد کی ہلاکت جبکہ دیگر افراد کے زخمی ہونے کا بتایا گیا ہے۔
افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے مطابق قندھار کے ضلع ڈنڈ میں طالبان کے خلاف کارروائی کے دوران طالبان کمانڈر عزت اللہ ہلاک ہوگیا۔
تنظیم نے دعویٰ کیا کہ قندھار کے ضلع ارغنداب میں بھی ایک ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی، جس میں طالبان انٹیلی جنس اہلکار کو نشانہ بنایا گیا اور وہ ہلاک ہوگیا۔
افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے مطابق صوبہ ہلمند کی ایک جیل پر دستی بم حملہ بھی کیا گیا، جس کے نتیجے میں طالبان کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ 2 دیگر افراد زخمی ہوئے۔
ان کارروائیوں سے متعلق طالبان حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا۔ طالبان مخالف تنظیم کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے بھی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔



