جنگ سے متاثرہ لبنانیوں کی امداد کیلئے حزب اللہ کو ایران سے 20 کروڑ ڈالر موصول

تہران(ویب ڈیسک) اسرائیل کے ساتھ جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے لبنانی شہریوں کی مدد کے لیے حزب اللہ کو ایران سے 20 کروڑ ڈالر موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران نے یہ رقم گزشتہ ماہ حزب اللہ کو فراہم کی، حالانکہ امریکا کی جانب سے ایران پر معاشی پابندیوں میں سختی اور حزب اللہ تک فنڈز کی منتقلی میں مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق رقم منتقل کرنے والے ثالثوں نے اس لین دین کے لیے 20 فیصد فیس وصول کی، جو حزب اللہ سے متعلق مالی معاملات میں موجود خطرات کی عکاسی کرتی ہے۔ ایک ذریعے نے بتایا کہ یہ فیس معمول کی شرح سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے۔

حزب اللہ کے ایک عہدیدار نے فنڈز کے ذرائع کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ایک مخصوص رقم کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ عہدیدار کے مطابق آئندہ چند روز میں متاثرہ افراد تک رقم پہنچانے کے منصوبے کا اعلان کیا جائے گا۔

رائٹرز کے مطابق حزب اللہ ابتدائی طور پر متاثرہ خاندانوں کو 3 ہزار ڈالر فی خاندان ادا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ امداد میں ان خاندانوں کو ترجیح دی جائے گی جن کے گاؤں جنگ کے دوران تباہ ہو گئے یا اسرائیلی قبضے کے باعث ان تک رسائی ممکن نہیں رہی۔ ذرائع کے مطابق ایسے متاثرہ خاندانوں کی تعداد تقریباً 50 ہزار ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے گزشتہ ماہ ایک خطاب میں کہا تھا کہ ان کا گروپ دستیاب وسائل اور عطیات کو استعمال کرتے ہوئے جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد کو رہائش کی فراہمی کے منصوبے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button