ایرانی حملوں کے بعد امریکی فوج نے کویت کا اہم اڈہ خالی کردیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے شدید میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد امریکی فوج نے کویت میں واقع اہم فوجی اڈہ کیمپ بیورنگ خالی کردیا۔

سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے ابتدائی دنوں میں کیمپ بیورنگ کو ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے شدید حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں فوجی اڈے کو نقصان پہنچا۔ حملوں کے بعد اڈے کو خالی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیمپ بیورنگ پر حملے شدت اختیار کرگئے تھے جبکہ امریکی فوجیوں کو دفاعی کارروائی کے لیے گولہ بارود کی شدید کمی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ سی بی ایس نیوز کے مطابق صورتحال ایسی ہوگئی تھی کہ امریکی اہلکاروں کے پاس اڈہ چھوڑنے کے علاوہ کوئی مؤثر آپشن باقی نہیں رہا تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اڈے پر موجود امریکی فوجیوں کو پیٹریاٹ میزائلوں سمیت دیگر جنگی سامان کی قلت کا سامنا بھی رہا۔ کیمپ بیورنگ سے انخلا کے بعد 100 سے زائد امریکی فوجیوں نے کویتی صحرا میں عارضی فوجی ٹھکانے قائم کیے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کیمپ بیورنگ پر ایف فائیو جنگی طیاروں کے ذریعے بھی حملے کیے گئے، جبکہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں فوجی اڈے کو پہنچنے والے نقصان کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق کیمپ بیورنگ اور بعد ازاں صحرائی علاقوں میں قائم عارضی امریکی ٹھکانوں پر ایرانی حملوں کے باوجود کسی امریکی فوجی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

مزید خبریں

Back to top button