ایران مذاکرات کے ساتھ مزاحمت اور استقامت بھی جاری رکھے گا، صدر پزشکیان

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اپنے عوام کے حقوق کے تحفظ اور حصول کے لیے مذاکرات کے ساتھ مزاحمت اور استقامت کا سلسلہ بھی جاری رکھے گا۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو تمام شعبوں میں ایک ہمہ گیر جنگ کا سامنا ہے، تاہم ملک وقار اور طاقت کی پوزیشن سے مذاکرات جاری رکھتے ہوئے اپنے حقوق کے حصول کے لیے کوشش کرتا رہے گا۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران مزاحمت اور استقامت کے پروگرام پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے اور دشمن کو مایوس کرنے کے لیے ثابت قدم رہے گا۔

انہوں نے قومی اتحاد اور داخلی یکجہتی کو موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بنیادی شرط قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام میں امید پیدا کرنے اور ملک کی مزاحمت کو مضبوط بنانے کے لیے اتحاد، باہمی تعاون اور قومی یکجہتی ضروری ہے۔

مسعود پزشکیان نے پڑوسی ممالک کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی بنیادی ترجیح ملکی صلاحیتوں، باہمی تعاون اور قومی یکجہتی پر انحصار کرتے ہوئے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔

ایرانی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک اپنے قومی مفادات اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مذاکرات اور دیگر ذرائع کے ساتھ اپنی مزاحمت اور استقامت بھی جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button