اکتوبر 2005 کے زلزلہ متاثرین کا دکھ آج بھی محسوس ہوتا ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کا دکھ آج بھی محسوس ہوتا ہے، پاکستانی قوم نے اس قیامت خیز سانحے کے دوران جس ہمدردی، ایثار اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔
21ویں قومی یومِ استقامت کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد آج بھی اس غیر معمولی سانحے میں جانیں گنوانے والوں کے دکھ کو محسوس کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ زلزلوں اور سیلاب سمیت قدرتی آفات کے دوران عوام کا اتحاد، یکجہتی، ثابت قدمی اور حوصلہ مندی قابلِ فخر قومی کردار ہے۔ انہوں نے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات کو بھی سراہا۔
مریم نواز نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کا ہر وقت تیار رہنا ضروری ہے، کیونکہ بروقت تیاری کے ذریعے انسانی جان و مال اور ماحول کو قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات سے بڑی حد تک محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلاب، زلزلوں اور سموگ جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسی اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب نے تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کیا اور اس دوران بڑے پیمانے پر ریسکیو، ریلیف اور انخلا آپریشن کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو لاکھوں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ لاکھوں مویشیوں کو بھی محفوظ بنانے کا اعزاز حاصل ہوا۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ عوام کو سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت پنجاب کے تمام ادارے ہمہ وقت متحرک اور سرگرمِ عمل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات کے دوران جانی و مالی نقصان کم کرنے کے لیے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جاسکیں۔



