میری پرفارمنس اچھی نہیں تھی اس لیے راولپنڈیز کی ٹیم ناکام ہوئی، رضوان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی فرنچائز راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے مسلسل 7 میچز میں شکست اور پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ہفتے کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کے بعد راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میری پرفارمنس اچھی نہیں تھی اس لیے ٹیم کا رزلٹ ایسا تھا۔

محمد رضوان نے کہا کہ یقینی طور پر میری طرف سے کوئی کمی ہوگی اس لیے ایسا رزلٹ رہا ، میں نوجوان پلیئر کے ساتھ اوپن کر رہا تھا ،  میں پوزیشن کے حوالے سے اپنی خواہش ضرور رکھتا ہوں لیکن ٹیم کا فیصلہ متفقہ ہوتا ہے۔

راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نےکہا کہ جب آپ ہارتے ہیں تو پازیٹیو نکالنا مشکل ہو جاتا ہے،  کچھ چیزیں کافی مثبت رہی ہیں،  ٹیم دیکھیں تو کہیں کوئی کمی نہیں لگ رہی لیکن قسمت ساتھ نہیں دے رہی ۔

محمد رضوان نے کہا کہ لیڈر کو ٹیم کے رزلٹ سے نہ پہچانیں ، آپ بطور کپتان کوشش کرسکتے ہیں لیکن غلطیاں ہوں تو پھر کچھ نہیں ہوسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ بگ بیش میں کہا تھا کہ میری پرفارمنس پر پاکستان ٹیم میں جگہ نہیں بنتی ، مجھ سے پرفارمنس نہیں ہوئی تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ میں ہمت ہار جاؤں ، میرے لیے کرکٹ جنون ہے، مجھے اس کے علاوہ کچھ نہیں آتا، میں محنت کرکے واپس آوں گا۔

محمد رضوان نے کہا کہ یہ میری زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ ہے،  میں مانتا ہوں کہ میری ناکامی ہے، آگے میرے ہاتھ میں بس محنت کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں لاہور قلندرز نے راولپنڈیز کو 32 رنز سے ہرا کر پلے آف کی دوڑ سے باہر کردیا۔

 لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹ پر 210 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کی  ٹیم مقررہ 20 اوور ز میں 9 وکٹ پر 178 رنز بناسکی۔

یہ  راولپنڈیز کی کی رواں پی ایس ایل میں مسلسل ساتویں شکست تھی۔ وہ ایک بھی میچ اب تک جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔

مزید خبریں

Back to top button