پاکستان کی معاشی ترقی کے تخمینے میں کمی،جی ڈی پی گروتھ3.65فیصدمقرر

پاکستان کی معاشی ترقی کا تخمینہ کم کر دیا گیا، شرح نمو 3.70 سے گھٹ کر 3.65 فیصد رہ گئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی نے مالی سال 2025-26 کے معاشی اعداد و شمار پر نظرثانی کرتے ہوئے ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو کے ابتدائی تخمینے میں 0.05 فیصد کمی کر دی۔ نظرثانی کے بعد معاشی ترقی کی شرح 3.70 فیصد کے بجائے 3.65 فیصد مقرر کی گئی ہے۔نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے مطابق مالی سال 2025-26 میں پاکستان کی معیشت کا مجموعی حجم 450 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ فی کس آمدن 1,896 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ پاکستانی روپے میں معیشت کا حجم 126.4 کھرب روپے اور فی کس آمدن 5 لاکھ 31 ہزار 897 روپے رہی۔رپورٹ کے مطابق زیرِ جائزہ مالی سال کے دوران زراعت کے شعبے میں 3.50 فیصد، خدمات کے شعبے میں 3.81 فیصد اور صنعتی شعبے میں 3.34 فیصد شرح نمو ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں معاشی ترقی کی شرح 3.89 فیصد رہی، جو دوسری سہ ماہی میں بڑھ کر 4.31 فیصد اور تیسری سہ ماہی میں 4.42 فیصد تک پہنچ گئی۔

تاہم آخری سہ ماہی میں معاشی ترقی کی رفتار نمایاں طور پر سست ہوئی اور شرح نمو کم ہو کر 2 فیصد رہ گئی۔ اس طرح ابتدائی تین سہ ماہیوں میں بہتری کے باوجود آخری سہ ماہی کی سست رفتار نے سالانہ معاشی ترقی کے مجموعی تخمینے پر اثر ڈالا۔

مزید خبریں

Back to top button