بجلی چوری کا خمیازہ پورے فیڈر کو نہیں بھگتنا پڑے گا، اویس لغاری

ڈیرہ غازی خان (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ آئندہ سال جون سے بجلی چوری کرنے والے فیڈرز کے بجائے متعلقہ ٹرانسفارمرز پر لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کے وقت دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو فی یونٹ بجلی پر 6 روپے کے اضافی بوجھ سے بچایا گیا۔
ڈیرہ غازی خان میں فاروق احمد خان لغاری انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کے منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے پارٹی سطح پر مشاورت جاری ہے۔ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کے لیے اسمبلی میں قراردادیں بھی منظور کروا چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ فاروق لغاری ایئرپورٹ گزشتہ پانچ سال سے غیر فعال تھا، تاہم وزیراعظم سے اس کی توسیع کا منصوبہ منظور کرا لیا گیا ہے۔ ساڑھے 5 ارب روپے کی لاگت سے جاری منصوبے کے تحت ایئرپورٹ کو دوبارہ فعال اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
اویس لغاری کے مطابق ایئرپورٹ کے رن وے کو طویل کیا جا رہا ہے تاکہ رات کے وقت بھی طیاروں کی لینڈنگ ممکن ہو سکے۔ منصوبہ آئندہ سال کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے، جس سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے علاوہ قریبی صوبوں کے اضلاع کے مسافر بھی مستفید ہو سکیں گے۔
اس موقع پر پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے حکام نے وفاقی وزیر کو توسیعی منصوبے پر بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق رن وے کی لمبائی 6 ہزار فٹ سے بڑھا کر 10 ہزار فٹ جبکہ چوڑائی 30 میٹر سے بڑھا کر 45 میٹر کی جا رہی ہے۔ منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔



