قطر کا دفاعی تعاون بڑھانے کا فیصلہ، نئی علاقائی شراکت داری کا اعلان جلد ہوگا

دوحہ (جانو ڈاٹ پی کے)قطر کے نائب وزیراعظم شیخ سعود بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہا ہے کہ علاقائی شراکت داروں کے ساتھ نئے دفاعی اقدامات پر کام جاری ہے اور نئی دفاعی شراکت داری کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
گلوبل سکیورٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے شیخ سعود بن عبدالرحمان آل ثانی نے بتایا کہ قطر نے حال ہی میں اپنی دفاعی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا ہے، جس کے بعد فضائی دفاع، ڈرون حملوں کی روک تھام، سائبر سکیورٹی اور آبی سلامتی کو اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔
قطری نائب وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس شراکت داری نے خلیجی خطے کی مجموعی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ایران جنگ کے دوران 90 فیصد سے زائد حملوں کو مشترکہ مہارت اور کئی دہائیوں پر محیط عسکری سرمایہ کاری کی بدولت کامیابی سے ناکام بنایا گیا۔ ان کے مطابق، قطر دفاعی تعاون اور جدید صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے خطے میں سلامتی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
قطر علاقائی شراکت داروں کے ساتھ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے لیے نئے اقدامات پر کام کر رہا ہے، جن میں فضائی اور آبی دفاع سمیت سائبر سکیورٹی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔



