کرکٹ چھوڑنے کے بعد بینائی خطرے میں ہونے کا پتا چلا،اےبی ڈی ویلیئرزکابڑاانکشاف

جوہانسبرگ (جانو ڈاٹ پی کے) اے بی ڈی ویلیئرز بینائی کھونے کے خطرے سے دوچار، ریٹائرمنٹ کے بعد آنکھ کی سرجری کرانا پڑی
جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے انکشاف کیا ہے کہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد آنکھوں کا معائنہ کرانے پر ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا تھا کہ علاج میں تاخیر کی صورت میں وہ بینائی سے محروم ہوسکتے تھے۔
پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی ویلیئرز نے بتایا کہ ان کی دائیں آنکھ کی ریٹینا اپنی جگہ سے الگ ہوگئی تھی۔ ان کے مطابق متاثرہ آنکھ ان کی غالب آنکھ نہیں تھی، اس لیے انہیں محسوس ہوتا تھا کہ اس مسئلے نے ان کی کارکردگی پر زیادہ اثر نہیں ڈالا۔
سابق کرکٹر نے بتایا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران، خصوصاً رات کے میچز میں، ان کی دائیں آنکھ کی بینائی دھندلی ہوجاتی تھی۔ وہ اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران سرجری نہیں کرانا چاہتے تھے، اس لیے ریٹائرمنٹ کے بعد معائنہ کروانے کا فیصلہ کیا۔
ڈی ویلیئرز کے مطابق تشخیص کے بعد ڈاکٹروں نے اگلے ہی روز ان کی سرجری کردی اور خبردار کیا کہ مزید تاخیر بینائی کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی تھی۔
دسمبر 2023 میں سابق بیٹر نے بتایا تھا کہ ان کے بیٹے کی ایڑی غلطی سے ان کی آنکھ پر لگی تھی اور وہ اپنے کیریئر کے آخری دو سال ریٹینا کے اسی مسئلے کے ساتھ کھیلتے رہے۔
مسٹر 360 کے نام سے مشہور اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 114 ٹیسٹ میچز میں 8 ہزار 765 رنز جبکہ 228 ون ڈے میچز میں 9 ہزار 577 رنز بنائے۔



