ایف بی آرمیں کرپشن کے خلاف سخت کارروائی ہوگی،شہبازشریف کادوٹوک اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحات کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس گیپ پر قابو پانے کے لیے ادارے کی استعدادِ کار میں مسلسل بہتری لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں اور یہ عمل ریاست کے وسیع تر مفاد میں ہر صورت جاری رہے گا۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت ایف بی آر کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، جس میں اصلاحات کی تازہ ترین پیشرفت اور اب تک حاصل ہونے والے نتائج پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو ٹیکنالوجی، نظامِ کار اور افرادی قوت میں بہتری کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ اصلاحاتی عمل کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مؤثر تربیت، شفافیت اور جوابدہی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے ٹیکس وصولی کے شعبوں میں فیس لیس نظام کے نفاذ کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کی توقعات کے مطابق اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔ انہوں نے بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی اور رویے میں بہتری لانے والے افسران اور عملے کو اصلاح کا موقع دیا جائے، تاہم بدعنوانی اور ناقص کارکردگی جاری رکھنے والوں کے لیے ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس گیپ کا تخمینہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 6 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد رہ گیا ہے۔ بریفنگ کے مطابق، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے ایف بی آر افسران کے صوابدیدی اختیارات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ ایف بی آر کے نئے افسران کو لمز میں تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ پہلے سے خدمات انجام دینے والے افسران کے لیے دورانِ ملازمت تربیتی پروگرام بھی جاری ہیں۔ افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے پیئر ریٹنگ سسٹم نافذ کیا جا چکا ہے۔

بریفنگ کے مطابق، ایف بی آر کی آڈٹ استعداد بڑھانے کے لیے 957 آڈیٹرز کو میرٹ کی بنیاد پر تھرڈ پارٹی آڈیٹرز کے طور پر کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا، جس سے آڈٹ کی استعدادِ کار میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ ادارے کی تکنیکی بنیادوں پر تنظیمِ نو، ماہر افرادی قوت کی بھرتی اور کارکردگی سے منسلک مراعات کا نظام بھی متعارف کرایا جا چکا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب اور عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button