میکرون کادورۂ امارات،خلیجی کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی رابطےتیز

ابوظہبی (جانو ڈاٹ پی کے)فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، جہاں صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ان کا استقبال کیا۔ عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی آمد پر ہوائی اڈے پر باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں متحدہ عرب امارات اور فرانس کے قومی ترانے بجائے گئے اور اعزازی دستے نے فرانسیسی صدر کو سلامی پیش کی۔
میکرون کا یہ دورہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی توانائی کی منڈی کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں اہمیت رکھتا ہے۔ دورے کے دوران آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی بحال کرنے اور توانائی کی ترسیل کے راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے علاقائی رہنماؤں سے مشاورت متوقع ہے۔
فرانس خلیجی ممالک کے ساتھ دفاع، سلامتی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات میں ان امور کے علاوہ نئی ٹیکنالوجی اور علاقائی استحکام پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
میکرون کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خلیجی ممالک خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی توانائی کی ترسیل معمول پر لانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔دوسری جانب خلیجی ممالک کی جانب سے ایران پر جنگ بندی کے لیے اثرورسوخ استعمال کرنے کی اپیل کے تناظر میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف بھی تہران پہنچ گئے ہیں۔امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث خطے میں توانائی کی تنصیبات اور سمندری نقل و حمل کو خطرات لاحق ہیں، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی اور قیمتوں پر بھی دباؤ پڑ رہا ہے۔



