بھارت میں 16 سالہ لڑکے کی آنکھ کے اوپر دانت نکل آئے، نایاب طبی کیس نے ماہرین کو حیران کر دیا

نئی دہلی(جانوڈاٹ پی کے) بھارت میں 16 سالہ لڑکے کی بائیں آنکھ کے اوپری حصے میں دانت نکلنے کا غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے، جسے طبی ماہرین نے اپنی نوعیت کا پہلا معلوم کیس قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکا بائیں آنکھ کے اوپر بغیر درد کے سوجن کی شکایت کے ساتھ ہسپتال پہنچا تھا۔ کچھ عرصے بعد اس کی بھنوؤں اور پلک کے درمیان جلد سے دو سخت اور سفید نوکیں نمودار ہوئیں، جس پر ڈاکٹروں نے مزید معائنے کا فیصلہ کیا۔
طبی معائنے اور سی ٹی اسکین کے ذریعے تصدیق ہوئی کہ لڑکے کی آنکھ کے خانے کے بالائی حصے میں مکمل دانت موجود تھے۔ اس غیر معمولی کیفیت کو طبی اصطلاح میں ایکٹوپک ٹوتھ (Ectopic Tooth) کہا جاتا ہے، جس میں دانت منہ کے بجائے جسم کے کسی دوسرے حصے میں نشوونما پاتے ہیں۔
اس سے قبل ناک کے مختلف حصوں اور تالو میں دانت نکلنے کے واقعات سامنے آچکے ہیں، تاہم بھارتی ڈاکٹروں کے مطابق آنکھ کے خانے میں دانتوں کی موجودگی کا یہ پہلا معلوم کیس ہے۔
رپورٹ کے مطابق لڑکے کے چہرے پر کسی چوٹ لگنے یا جینیاتی بیماری کی سابقہ تاریخ سامنے نہیں آئی، جبکہ سی ٹی اسکین میں کھوپڑی کے کسی دوسرے حصے میں اضافی دانت بھی موجود نہیں تھے۔ طبی ماہرین تاحال اس غیر معمولی کیفیت کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹروں نے آپریشن کے ذریعے دونوں دانت کامیابی سے نکال دیے، جس کے بعد سوجن ختم ہوگئی اور مستقبل میں ممکنہ پیچیدگیوں کا خطرہ بھی کم ہوگیا۔
اس نایاب طبی کیس کی تفصیلات امریکی اکیڈمی آف آپتھلمولوجی کے طبی جریدے میں بھی شائع کی گئی ہیں۔



