صوبوں کے معاملے پر سندھ اسمبلی کی تقاریر قبل ازوقت ہیں،رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں جو تقاریرہوئیں انہیں قبل ازوقت کہا جا سکتا ہے، وزیراعلیٰ کو پتہ ہے جب بھی یہ کام ہونا ہے تو قرارداد قومی اسمبلی میں آنی ہے، ابھی توصوبوں کے حوالے سے کوئی قرارداد پارلیمنٹ میں پیش نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق راناثنااللہ نے کہا کہ کیا وفاق سندھ حکومت سے مشاورت کے بغیر صوبوں کی قرارداد لے آئے گا؟ صوبوں کے حوالے سے کوئی بل پارلیمنٹ میں پیش ہونے جا رہا ہے یہ کس نےکہا؟ صوبوں کی قرارداد حکومت کی طرف سے آنی ہے،ابھی ایسی کوئی تیاری نہیں، صوبوں کیلئے کوئی بل اور ترمیم پارلیمنٹ میں پیش نہیں ہونے جا رہی، حکومت نے کوئی قرارداد،بل اور ترمیم پیش کرنی ہو گی توبات ہو گی،سندھ اسمبلی نے پہلے بھی 2،3بار قراردادیں منظور کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے قومی اسمبلی کو ایسے خبردار کیا جیسے اسمبلی میں قرارداد موجود ہے، میڈیا نے محسن نقوی کی صدر سے ملاقات کی ایک خبر دی ہے، محسن نقوی اکثر آصف زرداری سے ملاقات کرتے رہتے ہیں، آصف زرداری سے محسن نقوی کی ملاقات پر ہم کیا اعتراض کر سکتے ہیں؟ آصف زرداری ناراض ہو کر بیرون ملک نہیں گئے اور محسن نقوی آصف زرداری کو منانے نہیں گئے، صدرآصف زرداری کیساتھ ان کی فیملی بھی موجود ہے، محسن نقوی وطن واپس آچکے ہیں،وزیراعظم ہاؤس میں اُن سےملاقات ہوئی۔
راناثنااللہ نے کہا کہ کوئی بل،ترمیم اور قرارداد وزیراعظم کے نوٹس میں لائے بغیر منظور نہیں ہو سکتی، ہماری طرف سے صوبوں کی قرارداد یا بل کی کوئی تیاری نہیں ہو رہی، کسی اور جگہ تیاری ہو رہی ہے تو ہمیں معلوم نہیں، کسی اور جگہ تیاری ہو رہی ہے تو وہ حکومت اور پارلیمنٹ کے پاس ہی آنی ہے، محسن نقوی نے بھی آج تک نہیں کہا کہ صوبوں سے متعلق کچھ لا رہے ہیں،لوگ چاہتےہیں جس فارمولے پر وفاق سے پیسہ صوبوں کو جاتا ہے،اسی کے تحت یوسی تک جانا چاہیے۔



