پشاور ہائیکورٹ کا ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کو بڑا ریلیف، گھر ڈی سیل کرنے اور تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری روکنے کا حکم

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے سے روک دیا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ان کا گھر سیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی معطل کرتے ہوئے رہائش گاہ ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

جسٹس اعجاز انور اور جسٹس محمد فہیم ولی پر مشتمل بینچ نے ڈپٹی اسپیکر کے گھر پر پولیس چھاپے اور اسے سیل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی ہیں اور انہیں 2024 میں سرکاری رہائش گاہ الاٹ کی گئی تھی۔ وکیل کے مطابق، صوبے میں 11 اکتوبر کو گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد 14 اکتوبر کو ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر اسے سیل کر دیا گیا۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے دوران بھی اسپیکر ہاؤس کو سیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے استدعا کی کہ انتظامیہ کو گھر ڈی سیل کرنے اور خاتون درخواست گزار کی گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے انتظامیہ کی جانب سے گھر سیل کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے رہائش گاہ ڈی سیل کرنے کا حکم جاری کیا اور پولیس کو ثریا بی بی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری سے بھی روک دیا۔پشاور ہائیکورٹ نے چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button