امریکی شہریوں سے35ارب روپے کے مبینہ فراڈ کا ملزم فہیم اکرم5روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے

تفتیشی افسر کے مطابق ملزم اگست 2023 سے ویب سائٹ چلا رہا تھا اور اس دوران 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔ تفتیش میں یہ بھی بتایا گیا کہ مبینہ فراڈ نیٹ ورک کے لیے خاندان کے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے۔
این سی سی آئی اے نے عدالت سے ملزم کا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا تھا، تاہم عدالت نے پانچ روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو 26 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے امریکی شہریوں کو جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے کے مبینہ نیٹ ورک کے مرکزی ملزم فہیم اکرم کو گزشتہ روز لاہور سے گرفتار کیا تھا۔این سی سی آئی اے حکام کے مطابق ملزم کا سراغ لگانے کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ تفتیشی ٹیموں نے 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا، جبکہ ملزم کی تلاش کے لیے دس روز تک لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا۔حکام کے مطابق گرفتاری کے لیے 35 مقامات پر چھاپے مارے گئے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ اس کارروائی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی انتظامیہ نے بھی فہیم اکرم کی گرفتاری میں مدد کے لیے ایک لاکھ ڈالر انعام مقرر کر رکھا تھا۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزم پر جعلی ڈاک ٹکٹوں کی اسکیم چلانے کا الزام ہے، جس سے امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا۔ تاہم مقدمے میں عائد الزامات کا حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔



