ای پاسپورٹ کے خواہشمند شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری،سروس شروع،حیران کن فیچرزسامنے آگئے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ای پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کردیا گیا، 7 ستمبر سے ملک بھر کے نادرا سینٹرز پر ای پاسپورٹ کی تجدید اور ری پرنٹ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
ترجمان کے مطابق کراچی سمیت پاکستان بھر کے نادرا سینٹرز سے شہری اپنے ای پاسپورٹس کی تجدید اور ری پرنٹ کرا سکیں گے، جبکہ نئے ای پاسپورٹ کا اجرا، پاسپورٹ میں تبدیلی اور نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا بدستور پاسپورٹ دفاتر سے ہی کیا جائے گا۔
نادرا دفاتر میں قائم پاسپورٹ کاؤنٹرز کو بھی بتدریج ختم کرنے اور وہاں تعینات عملے کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نادرا سینٹرز پر ای پاسپورٹ کی یہ سہولت محکمہ پاسپورٹس اور نادرا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت فراہم کی جائے گی۔
ای پاسپورٹ میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل
جدید ای پاسپورٹ میں الیکٹرانک چِپ نصب ہوگی جس میں پاسپورٹ حامل کا بائیومیٹرک اور ذاتی ڈیٹا محفوظ ہوگا۔ یہ نظام بین الاقوامی شہری ہوا بازی کے ادارے (ICAO) کے مقرر کردہ معیار کے مطابق ہوگا۔
ای پاسپورٹ میں NFC چِپ، لیزر اینگریونگ، انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ سیکیورٹی فیچرز بھی شامل ہوں گے، جن کا مقصد پاسپورٹ کو مزید محفوظ بنانا اور جعل سازی کے امکانات کو کم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق جدید نظام کے باعث ہوائی اڈوں پر مسافروں کی شناخت اور تصدیق کا عمل مزید تیز، محفوظ اور مؤثر ہونے کی توقع ہے۔
یوں 7 ستمبر سے نادرا سینٹرز پر ای پاسپورٹ کی تجدید اور ری پرنٹ کی سہولت کا آغاز شہریوں کے لیے پاسپورٹ سے متعلق خدمات کے حصول کو مزید آسان بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔



