پاکستان، آئرلینڈ، زمبابوے سہ ملکی سیریز کا منصوبہ خطرے میں، شیڈول تبدیل ہونے کا امکان

 لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان اگلے سال مجوزہ سہ ملکی سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان پیدا ہوگیا، جبکہ آئرلینڈ کے دورہ پاکستان کے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچز بھی خدشات کی زد میں آگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اگلے سال پاکستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان سہ ملکی سیریز کی تجویز زیرِ غور تھی، تاہم اب زمبابوے کرکٹ ٹیم کے اس سیریز کے لیے پاکستان آنے کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ کے ساتھ ایک ٹیسٹ میچ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم صرف تین ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔

اس حوالے سے پاکستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کرکٹ بورڈز کے درمیان مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلہ باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا تھنک ٹینک 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ٹیم کے لیے ون ڈے میچز پر زیادہ توجہ دینا چاہتا ہے، جس کے تحت آئندہ سال قومی ٹیم کا شیڈول بھی اسی حکمت عملی کے مطابق ترتیب دیا جا رہا ہے۔کرکٹ آئرلینڈ نے مارچ 2026 میں بھی تصدیق کی تھی کہ آئرلینڈ کی مردوں کی ٹیم جنوری میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں ملٹی فارمیٹ سیریز شیڈول ہے اور اس پروگرام میں تیسرے ملک کو شامل کرنے کا امکان بھی موجود ہے۔جون 2026 میں سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق PCB کے 2026-27 بجٹ میں پاکستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان سہ ملکی سیریز بھی شامل تھی، تاہم موجودہ مشاورت کے بعد اس منصوبے میں تبدیلی زیرِ غور ہے۔

مزید خبریں

Back to top button