18 سالہ مریم کریم نے تاریخ رقم کردی، یو اے ای کو ایشین گیمز کا پہلا گولڈ میڈل مل گیا

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے) متحدہ عرب امارات کی 18 سالہ ایتھلیٹ مریم کریم نے 2026 ایشین گیمز میں خواتین کی 400 میٹر ہرڈلز میں طلائی تمغہ جیت کر اپنے ملک کو موجودہ ایڈیشن کا پہلا گولڈ میڈل دلادیا۔

ناگویا میں ہونے والے فائنل میں مریم کریم نے ریس 54.31 سیکنڈز میں مکمل کرکے نہ صرف گولڈ میڈل اپنے نام کیا بلکہ ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

مریم کریم نے فائنل سے قبل 55.14 سیکنڈز کے ذاتی ریکارڈ کے ساتھ سب سے تیز کوالیفائی کیا تھا، تاہم فائنل میں انہوں نے اپنی کارکردگی مزید بہتر بناتے ہوئے تقریباً ایک سیکنڈ کی بہتری کے ساتھ نیا ایشین گیمز ریکارڈ قائم کیا۔

قازقستان کی ایڈلینا زیمز نے 54.58 سیکنڈز کے ساتھ چاندی جبکہ بھارت کی ویتھیا رام راج نے 54.75 سیکنڈز کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔کانسی کا تمغہ جیتنے والی بھارتی ایتھلیٹ ویتھیا رام راج نے اس کارکردگی کے ساتھ پی ٹی اوشا کا 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں قائم کردہ قومی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔مریم کریم نے ایشین گیمز کے سابقہ 400 میٹر ہرڈلز ریکارڈ کو بھی توڑ دیا، جو بحرین کی کیمی اڈیکویا نے 2023 کے ہانگژو ایشین گیمز میں قائم کیا تھا۔2008 میں پیدا ہونے والی مریم کریم اس سے قبل ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرچکی ہیں جبکہ ورلڈ انڈر 20 چیمپئن شپ میں ٹاپ 8 تک رسائی حاصل کرچکی ہیں۔ رواں سال اگست میں انہوں نے 56.27 سیکنڈز کی کارکردگی کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا انڈر 20 قومی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button