نہم کے نتائج میں مبینہ ہیر پھیر کا انکشاف، تعلیمی بورڈ حرکت میں آگیا، تحقیقات کا حکم

سرگودھا (جانو ڈاٹ پی کے) سرگودھا تعلیمی بورڈ کے زیرِ اہتمام نہم جماعت کے نتائج میں مبینہ ردوبدل کا معاملہ سامنے آگیا، متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد بورڈ انتظامیہ نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر نذر عباس کے مطابق نہم جماعت کے نتائج میں مبینہ تبدیلی سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں، جن کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی مکمل تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
معاملے کی چھان بین کے لیے دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو موصول ہونے والی شکایات، نتائج میں مبینہ تبدیلی اور اس سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔
کنٹرولر امتحانات کے مطابق سرگودھا تعلیمی بورڈ کے تحت نہم جماعت کے نتائج کا اعلان 2 ستمبر کو کیا گیا تھا، تاہم نتائج کے حوالے سے شکایات سامنے آنے کے بعد اب معاملہ تحقیقاتی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی شکایات اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد یہ تعین کرے گی کہ نتائج میں واقعی کوئی ردوبدل ہوا یا نہیں، مبینہ تبدیلی کی وجوہات کیا تھیں اور اگر بے ضابطگی ثابت ہوئی تو اس کے ذمہ دار کون ہیں۔
بورڈ انتظامیہ کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔



