باجوڑ میں پولیو ٹیموں پر فائرنگ، دو اہلکار شہید ،وزیر داخلہ محسن نقوی کی شدید مذمت


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے باجوڑ کے علاقوں ڈاگ قلعہ اور تبئی میں انسداد پولیو ٹیموں پر فائرنگ کے واقعے کی سخت مذمت کی ہے جس میں دو کانسٹیبلز سید عزیز اور قادر شہید ہو گئے۔
وزیر داخلہ نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ دے کر عظیم رتبہ پایا۔
انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے والی ٹیموں پر حملہ ایک درندہ صفت اور قابلِ مذمت فعل ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف قومی مہم کو نقصان پہنچانے والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔