براڈ پیک سانحہ: لاپتا پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش مل گئی

گلگت بلتستان(جانوڈاٹ پی کے) براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے باعث لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش مل گئی۔

الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق سہیل سخی کی لاش شگر کے علاقے تسر سے تعلق رکھنے والے مقامی رضاکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کی۔

لاش تلاش کرنے والے رضاکاروں میں محمد ندیم، محمد بشیر اور ابوذر شامل تھے۔ رضاکاروں نے زمان اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سہیل سخی کی لاش کیمپ ون سے بیس کیمپ منتقل کردی۔

الپائن کلب کے مطابق موسم نے اجازت دی تو سہیل سخی کی لاش آج ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو منتقل کی جائے گی۔

الپائن کلب آف پاکستان نے سہیل سخی کے اہلخانہ اور کوہ پیمائی برادری سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ تقریباً 15 روز قبل براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے 10 کوہ پیما لاپتا ہوگئے تھے، جن میں سے 5 نیپالی کوہ پیماؤں سمیت 7 کوہ پیماؤں کی لاشیں پہلے ہی مل چکی تھیں۔

مزید خبریں

Back to top button