زمان پارک پولیس حملہ کیس: فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی۔
صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کو جیل سے جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی، جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔
عدالت نے پولیس کو مقدمے کا چالان جلد پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ زمان پارک میں اسلام آباد پولیس افسران پر حملے میں ملوث ہے اور اس سے پیٹرول بم برآمد ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد پولیس بانی پی ٹی آئی کی رہائش گاہ پر طلبی کے سمن کی تعمیل کے لیے پہنچی تھی، جہاں مشتعل کارکنوں نے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے اور پولیس افسران کو زخمی کیا۔
پولیس پر حملے کا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں نمبر 410/23 کے تحت درج ہے۔



