اچھا استاد معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کی بنیاد رکھ سکتا ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اچھا استاد نہ صرف طلبہ کی شخصیت سازی کرتا ہے بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کی بنیاد بھی رکھ سکتا ہے۔

اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے معلمِ اعظم حضرت محمد ﷺ پر کروڑوں درود و سلام پیش کرتے ہوئے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ اپنے گرامی قدر اساتذہ سمیت ہر استاد کو سلام پیش کرتی ہیں اور ٹیچرز ڈے پر پنجاب کے لاکھوں اساتذہ کی محنت، اخلاص اور لگن کو سراہتی ہیں۔ استاد کا مرتبہ اور عظمت لازوال ہے جبکہ اپنے شفیق اساتذہ کے لیے عزت و احترام کا جذبہ آج بھی برقرار ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا معتبر طبقہ ہیں، جو طالب علم کو علم کی بلندیوں تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اچھا استاد طلبہ کو علم کے ساتھ ادب، اخلاقی اقدار اور معاشرتی روایات سے بھی روشناس کراتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے صوبے بھر میں نواز شریف سکول آف ایمیننس جیسے پروگرام متعارف کرا رہی ہے، جبکہ طلبہ کو جدید علوم و فنون سے روشناس کرانے کے لیے پرائمری سطح پر ایجوکیشن اے آئی بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو انگلش بول چال، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید طرزِ تدریس سے روشناس کرانے کے لیے مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button