مری سکول وین آتشزدگی: ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج، دو بہن بھائی جاں بحق

مری (جانوڈاٹ پی کے) مری میں سکول وین میں آتشزدگی کے المناک واقعے کا مقدمہ ڈرائیور کے خلاف درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ڈرائیور کے سگریٹ سلگانے کے باعث وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ گاڑی کی سیٹ کے نیچے کھلے کین میں پٹرول موجود تھا، جس نے آگ کو مزید شدت دے دی۔
حادثے میں جھلس کر شدید زخمی ہونے والے دو بہن بھائی عائشہ کلیم اور ارحم کلیم جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے میں شدید زخمی 7 سالہ حسن ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں زیرعلاج ہے۔ حادثے کے وقت سکول وین میں 10 بچے سوار تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار وین کا روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ بھی جاری نہیں ہوا تھا، جس کے باعث گاڑی کی قانونی حیثیت اور حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
سانحے کے بعد انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی ہے اور مری میں سکول وینز سمیت مسافر گاڑیوں کی سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے تاکہ غیر محفوظ اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔



